دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے میزبان وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ عالمی ایونٹ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں منعقد ہوگا، جہاں مجموعی طور پر 12 مختلف اسٹیڈیمز میں میچز کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق 2027 کا ورلڈ کپ 14 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 57 میچز ہوں گے۔ ایونٹ کے لیے ایک نیا تین مرحلوں پر مشتمل فارمیٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد مقابلوں کو مزید دلچسپ اور مسابقتی بنانا ہے۔
جنوبی افریقا سب سے زیادہ آٹھ وینیوز کے ساتھ ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ ان میں جوہانسبرگ کا تاریخی وانڈررز اسٹیڈیم، کیپ ٹاؤن کا نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ، ڈربن کا کنگزمیڈ کرکٹ گراؤنڈ، سنچورین، پارل، بلوم فونٹین، گکیبیرا اور بفیلو پارک شامل ہیں۔
زمبابوے کو تین میزبان وینیوز دیے گئے ہیں، جن میں دارالحکومت ہرارے کا ہرارے اسپورٹس کلب، بلاوایو کا کوئنز اسپورٹس کلب اور وکٹوریہ فالز کا فیلے موسیٰ او آ تونیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم شامل ہے۔
دوسری جانب نمیبیا پہلی مرتبہ کسی سینئر آئی سی سی عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ اس مقصد کے لیے دارالحکومت ونڈہوک کے نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ کو میزبان وینیو منتخب کیا گیا ہے، جو ملک کے لیے ایک تاریخی اعزاز تصور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا اور زمبابوے اس سے قبل 2003 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی بھی مشترکہ میزبانی کر چکے ہیں، تاہم اس بار نمیبیا کی شمولیت کے باعث یہ ٹورنامنٹ تین ممالک پر مشتمل ایک منفرد عالمی ایونٹ بن جائے گا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ میزبان وینیوز کے انتخاب میں عالمی معیار کی سہولیات، شائقین کی رسائی، انفراسٹرکچر اور کرکٹ کی ترقی کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ توقع ہے کہ ورلڈ کپ 2027 افریقی خطے میں کرکٹ کے فروغ اور عالمی کھیل کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔