(این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 4 اگست 2026 تک شدید بارشوں، سیلاب اور مختلف قدرتی آفات کے خدشات

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 4 اگست 2026 تک شدید بارشوں، سیلاب اور مختلف قدرتی آفات کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے، جس سے شاہراہوں کی بندش اور آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ادھر پنجاب اور سندھ کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے بلوچستان میں بھی فلیش فلڈ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں اچانک بہاؤ بڑھ سکتا ہے، جس سے نشیبی علاقوں اور رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے احتراز کریں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں اور مقامی انتظامیہ و متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

Related posts

(پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری

رواں برس مون سون سیزن کے دوران ملک میں غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی سندھ بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی