گزشتہ چند روز میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اور خاص طور پر خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں شدید بارشیں، سیلابی ریلے اور دیگر قدرتی آفات نے سینکڑوں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان پہنچایا اور کئی خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اس المیے پر گہری پریشانی اور دلی رنج کا اظہار کرتی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ تمام متاثرین کو صبر و تحمل عطا فرمائے، ان کے دکھوں کو آسان کرے اور ہم سب پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سےمتعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں دن رات سرگرم عمل ہیں۔ ہم اپنے تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو ہدایت کرتے ہیں کہ اس وقت سیاسی سرگرمیوں کو مؤخر رکھیں اور اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے بھرپور طور پر میدان میں آئیں، تاکہ ہر ممکن امداد متاثرین تک پہنچانے میں مدد ہو سکے۔اسی طرح ہم پاکستان کے ہر بہادر اور شفیق شہری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اپنے ہم وطنوں کے لیے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کریں اور ان کے دکھ بانٹنے میں اپنا کردار ادا کریں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو، ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی عوام کو ہر قسم کی قدرتی آفات سے محفوظ رکھے اور ہمیں ایک دوسرے کے دکھ سہنے اور مدد کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔