لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں زرعی ترقی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے یہ پورٹل ڈیجیٹل ٹچ کے ذریعے لانچ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانس پروگرام صوبے میں زرعی انقلاب کا آغاز ثابت ہوگا، جو کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی تک آسان رسائی فراہم کرے گا۔
سیکرٹری زراعت نے وزیراعلیٰ کو پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
پروگرام کے تحت پنجاب میں 12 اقسام کی ہائی ٹیک زرعی مشینری کے لیے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔
قرض کی ادائیگی کے لیے چھ ماہ کی رعایتی مدت مقرر کی گئی ہے جبکہ پانچ سال کے دوران سہ ماہی اقساط میں ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے۔
قرض حاصل کرنے کے لیے فارمرز، سروس پرووائیڈرز اور ایگری کمپنیز پورٹل کے ذریعے آن لائن اپلائی کر سکیں گے۔
ہائی ٹیک زرعی مشینری کی مینوفیکچرنگ میں چین کی 27، ترکی کی 10، اٹلی کی 5 جبکہ جاپان، امریکہ، برازیل، اسپین اور بیلاروس کی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
پروگرام میں شامل مشینری میں:
• ویٹ کمبائن ہارویسٹر، ملٹی کراپ پلانٹر، رائس پلانٹر، نرسری مشین اور رائس ہارویسٹر
• ویٹ سٹرا بیلر، میز کوب ہارویسٹر، سائلج ہارویسٹر، میز کوب ڈرائر، آرچڈ پرنیر اور آرچڈ ایئر بلاسٹ سپریئر
• سنٹرل پیوٹ اریگیشن سسٹم اور ہائی پاور ٹریکٹرز بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ پروگرام کسانوں کی معاشی خود کفالت، زرعی پیداوار میں اضافے اور زرعی شعبے کی جدید کاری کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔