پشاور: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ وزیرِ داخلہ نے اس موقع پر فیڈرل کانسٹیبلری کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور میوزیم کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے قدیم اسلحے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ قیامِ امن کی ذمہ داری بہتر طور پر ادا کی جا سکے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو ہر طرح سے مضبوط بنایا جائے گا تاکہ یہ فورس ملک بھر میں امن و امان کے قیام میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کر سکے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے گی اور انہیں بیرون ممالک بھی ٹریننگ کے لیے بھیجا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو پاکستان کی صفِ اول کی فورس بنایا جائے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے یقین دلایا کہ فورس کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے اور امن و امان کی بہتری کے لیے وزارتِ داخلہ کی مکمل حمایت فیڈرل کانسٹیبلری کے ساتھ ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے بہادر جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔