جدہ: سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
منگل کو جدہ کے علینمہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائنگ میچ میں سعودی عرب اور عراق کا مقابلہ 0-0 سے ڈرا ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ حاصل ہوا۔
اس ڈرا کے بعد سعودی عرب ایشین کوالیفائرز کے گروپ بی میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگیا اور یوں ٹیم نے فیفا ورلڈکپ 2026 میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
سعودی ٹیم کو ورلڈکپ میں رسائی کے لیے صرف ایک پوائنٹ درکار تھا، جو انہوں نے میچ برابر رہنے کے بعد حاصل کر لیا۔
یہ کامیابی سعودی فٹبال ٹیم کی مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر ساتویں بار فیفا ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2026 آئندہ سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد کیا جائے گا — یہ پہلا موقع ہوگا جب ورلڈکپ تین ممالک میں بیک وقت کھیلا جائے گا۔