مومنہ اقبال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ اداکارہ نے حمزہ حبیبی کے ساتھ نکاح کرلیا، جس کی تصدیق خود حمزہ حبیبی نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں حمزہ حبیبی نے کہا کہ “میں مومنہ کا ہونے والا شوہر نہیں بلکہ شوہر بن چکا ہوں، ہم نے دو روز قبل نکاح کرلیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ مومنہ اقبال ان کی عزت اور ریڈ لائن ہیں اور وہ ہر صورت ان کے تحفظ کے لیے کھڑے رہیں گے۔

حمزہ حبیبی نے گفتگو کے دوران رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداکارہ کو مسلسل ہراساں کر رہے تھے۔ ان کے مطابق ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ مبینہ طور پر مومنہ اقبال کے رشتوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرتے رہے اور جہاں بھی شادی کی بات آگے بڑھتی وہاں فون کالز کے ذریعے کردار کشی کی جاتی تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ بھی یہی رویہ اختیار کیا گیا اور اداکارہ کے خلاف مختلف الزامات لگا کر انہیں بددل کرنے کی کوشش کی گئی۔ حمزہ حبیبی کا کہنا تھا کہ جب مخالف فریق کو احساس ہوا کہ وہ ان باتوں پر یقین نہیں کریں گے تو ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔

دوسری جانب اداکارہ کی بہن رمشا اقبال، جو پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں، اس کیس کی قانونی پیروی کر رہی ہیں۔ رمشا اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مومنہ اقبال کی شادی خاندان کی رضا مندی سے طے پائی اور ان کے شوہر خاندان کے قریبی رشتے دار نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر ایک مبہم مگر تشویشناک پیغام شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق معاملے کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کر رہی ہے۔

اداکارہ کی شادی اور اس سے جڑے تنازع نے سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے جبکہ مداحوں کی جانب سے مومنہ اقبال کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد دی جا رہی ہے۔

Related posts

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کے گھر ایک بار پھر ننھی پری کی آمد

بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شہرۂ آفاق فلم ’’میں ہوں نا‘‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم بعد میں انہیں فلم کا حصہ بننے سے روک دیا گیا۔

فریال گوہر سے طلاق پر افسوس ہے، اداکار جمال شاہ کا اعتراف