یومِ تکبیر: وزیراعظم شہباز شریف کا قوم کے نام پیغام، پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب قوم نے غیر متزلزل عزم، اتحاد اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع سے ہرگز غافل نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں کامیاب جوہری تجربات کر کے نہ صرف خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر قومی خودداری، اتحاد، قربانی اور ناقابلِ تسخیر دفاعی عزم کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو، محمد نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی دباؤ، پابندیوں کی دھمکیوں اور مالی پیشکشوں کے باوجود پاکستان نے قومی مفاد اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ایٹمی قوت نہ بنتا تو دشمن اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا تھا۔

شہباز شریف نے حالیہ علاقائی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر اپنے دفاعی عزم کو ثابت کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بنا کر پاکستان کے شہری علاقوں اور مساجد کو نشانہ بنایا، تاہم پاکستان کی مسلح افواج اور قوم نے متحد ہو کر دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔

وزیراعظم نے سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ظہیر احمد بابر اور نوید اشرف کی کارکردگی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں تاہم ملک اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی، پراکسیز اور ملک دشمن سازشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور پاکستان کے امن، ترقی اور سلامتی کے لیے قوم متحد رہے گی۔

Related posts

وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شہباز شریف نے حج 1447 ہجری کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام

وزیراعظم شہباز شریف کی ایران، امریکا مذاکرات پاکستان میں ہونے کی امید خطے میں امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری

پاور ڈویژن نے بجلی کے بلوں پر جعلی کیو آر کوڈز کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات چوری کیے جانے کا خدشہ