وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شہباز شریف نے حج 1447 ہجری کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام

اسلام آباد: وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے حج 1447 ہجری کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں عالمِ اسلام خصوصاً فریضۂ حج ادا کرنے والے لاکھوں حجاج کرام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ حج اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کے حصول کا عظیم ترین موقع ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حج صرف ایک عبادت نہیں بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد، اخوت، مساوات اور اجتماعی شعور کا عملی مظہر ہے۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمان ایک ہی لباس اور ایک ہی مقصد کے تحت اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہو کر امت کے اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حج انسان کو ایثار، قربانی، صبر، برداشت اور باہمی تعاون کا درس دیتا ہے، جبکہ یہی اسلامی اقدار کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بنتی ہیں۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم ان اعلیٰ اسلامی اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں اپناتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرے گی۔

محمد شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حجاج کرام کی عبادات، دعاؤں اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور انہیں حجِ مبرور کی سعادت عطا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم آج ان مقدس ساعتوں میں پوری دنیا میں امن، سلامتی، استحکام اور انسانیت کی بھلائی کے لیے دعاگو ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں عالمی برادری پر زور دیا کہ دنیا میں عدل و انصاف، رواداری، بھائی چارے اور انسانی احترام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک پرامن اور مستحکم مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی عطا فرمائے اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔ آمین

Related posts

وزیراعظم شہباز شریف کی ایران، امریکا مذاکرات پاکستان میں ہونے کی امید خطے میں امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری

پاور ڈویژن نے بجلی کے بلوں پر جعلی کیو آر کوڈز کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات چوری کیے جانے کا خدشہ

سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل جانے سے روک دیاگیا، راستےکی بندش سے شہری مشکلات سے دوچار