راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے پاک افغان سرحد کے قریب سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائی تقریباً 36 گھنٹے جاری رہی، جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشتگرد پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کے ارادے سے داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتنۃ الخوارج کے دہشتگرد ملک میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے اور دہشتگردی کی کارروائیوں کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے تھے، تاہم سکیورٹی فورسز نے ان کے عزائم کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہوں کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان حکومت دہشتگرد تنظیم کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکنے، مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ بھارتی سرپرستی یافتہ خارجیوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ ملک میں امن و امان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشتگردی کی مہم جاری رکھی جائے گی۔ سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گی۔
پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام، 15 خارجی ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد
1