اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے وی آئی پی قیدی ہیں جنہیں عام قیدیوں کے مقابلے میں غیر معمولی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کا معاملہ اٹھایا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے حکومت سے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کب کرائی جائے گی؟
جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ:
“عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے وی آئی پی قیدی ہیں۔ ان کے پاس 6 بڑی بیرکس موجود ہیں۔ ملک میں کوئی قیدی ایسا نہیں جس کے پاس اپنا باورچی ہو یا ایکسرسائز مشینیں موجود ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی جیل کے معاملے کو سیاسی ڈرامہ بنا رہی ہے۔
“یہ لوگ ڈرامہ لگانے کے لیے جیل کے باہر بیٹھ جاتے ہیں، ضمنی انتخاب بھی ہار گئے، پرفارمنس کچھ نہیں ہے مگر تماشہ ضرور لگاتے ہیں۔”
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جب کہ حکومت کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات قانون کے مطابق ہیں.