راولاکوٹ: کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے افراد کی پولیس بکتربند پر فائرنگ، 30 سے زائد گولیاں چلانے کا انکشاف

راولاکوٹ (خصوصی رپورٹ) — راولاکوٹ میں کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مبینہ شرپسند عناصر کی جانب سے پولیس کی بکتربند گاڑی پر فائرنگ کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق راولاکوٹ کی عیدگاہ کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس کی بکتربند گاڑی کو نشانہ بنایا اور اس پر 30 سے زائد گولیاں برسائیں۔ واقعے کے بعد بکتربند گاڑی پر لگنے والی گولیوں کے نشانات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے سے قبل کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ایک مبینہ سرغنہ کی آڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز گفتگو اور شرپسندانہ کارروائیوں کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ سیکیورٹی ادارے آڈیو کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر حکومت نے حال ہی میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ حکومتی فیصلے کے بعد تنظیم کے خلاف قانونی کارروائیوں کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں، تین روز قبل حکومت نے کالعدم تنظیم کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد پہلے سے ختم کیے گئے مقدمات دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ محکمہ قانون و انصاف آزاد کشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق احتجاجی مظاہروں کے دوران درج کی گئی 177 ایف آئی آرز، جو پہلے واپس لے لی گئی تھیں، دوبارہ فعال کر دی گئی ہیں۔

سیاسی و سماجی حلقوں نے راولاکوٹ میں پیش آنے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دوسری جانب پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Related posts

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ 27۔2026ء پر اظہار خیال

سندھ کے 7 اضلاع کے دوردراز علاقوں میں 5 ہزار سے زائد ٹوائلٹس تعمیر، ہزاروں خاندان مستفید

سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کا فیصلہ سچ کی فتح ہے، مصطفیٰ کمال کا دعویٰ، پارٹی قیادت پر بھی سخت تنقید