سندھ کے 7 اضلاع کے دوردراز علاقوں میں 5 ہزار سے زائد ٹوائلٹس تعمیر، ہزاروں خاندان مستفید

لاڑکانہ: سندھ کے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایک فلاحی ادارے نے صوبے کے 7 اضلاع میں 5 ہزار سے زائد پختہ ٹوائلٹس کی تعمیر مکمل کرلی ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کو صفائی ستھرائی اور باعزت طرزِ زندگی کی سہولت میسر آئی ہے۔

دیہی علاقوں میں ٹوائلٹس کی عدم دستیابی ایک دیرینہ مسئلہ رہا ہے۔ خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگ افراد کو کھلے مقامات پر جانے کی مجبوری کے باعث نہ صرف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا بلکہ صحت اور تحفظ سے متعلق سنگین مسائل بھی پیدا ہوتے تھے۔

اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فلاحی ادارے نے چند برس قبل ضلع لاڑکانہ کے گاؤں رتوکوٹ میں پختہ ٹوائلٹس کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا۔ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں مقامی آبادی نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور جلد ہی اس کے مثبت اثرات نمایاں ہونے لگے۔

منصوبے کی کامیابی کے بعد ٹوائلٹس کی تعمیر کا دائرہ کار لاڑکانہ کے دیگر پسماندہ علاقوں سے بڑھا کر سندھ کے 7 اضلاع تک وسیع کردیا گیا۔ ادارے کے مطابق اب تک 5 ہزار سے زیادہ ٹوائلٹس تعمیر کیے جاچکے ہیں، جبکہ مزید علاقوں میں بھی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ٹوائلٹس کی تعمیر سے نہ صرف صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے بلکہ خواتین اور بچوں کو بھی بڑی سہولت حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے انہیں دور دراز اور غیر محفوظ مقامات پر جانا پڑتا تھا، تاہم اب گھروں کے قریب مناسب سہولت موجود ہونے سے ان کے مسائل میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی بہتر سہولیات بیماریوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ صاف ستھرا ماحول نہ صرف عوامی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ معاشرتی وقار اور معیارِ زندگی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

علاقہ مکینوں نے فلاحی ادارے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے ترقیاتی منصوبے جاری رہیں گے تاکہ دیہی آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

Related posts

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ 27۔2026ء پر اظہار خیال

راولاکوٹ: کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے افراد کی پولیس بکتربند پر فائرنگ، 30 سے زائد گولیاں چلانے کا انکشاف

سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کا فیصلہ سچ کی فتح ہے، مصطفیٰ کمال کا دعویٰ، پارٹی قیادت پر بھی سخت تنقید