عمران خان کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ، انٹرا ویٹریل انجیکشن کی پانچویں خوراک دی گئی

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں انٹرا ویٹریل انجیکشن کی پانچویں ڈوز دے دی گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں گزشتہ شب اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق ڈاکٹروں نے عمران خان کا فالو اپ معائنہ کیا اور علاج کے مقررہ شیڈول کے تحت انہیں انٹرا ویٹریل انجیکشن لگایا گیا۔ طبی عمل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ آج صبح انہیں باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا ہے اور ان کی صحت کا جائزہ لینے کے بعد ضروری طبی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ عمران خان کو مزید بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پمز اسپتال کے بجائے شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی طبی نگہداشت اور جدید سہولیات کے پیش نظر شفاء انٹرنیشنل اسپتال علاج کے لیے زیادہ موزوں ثابت ہوسکتا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے یہ مطالبہ بھی دہرایا کہ عمران خان کی فیملی کو ان تک رسائی دی جائے تاکہ اہل خانہ ان کی خیریت دریافت کر سکیں اور ان سے ملاقات کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق معاملات پر شفافیت اور اہل خانہ کو مناسب معلومات کی فراہمی ضروری ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کی آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں انہیں وقفے وقفے سے انٹرا ویٹریل انجیکشن لگائے جا رہے ہیں، جبکہ ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی صحت کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

Related posts

سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں عابد شیر علی اور ایمل ولی خان کے درمیان تلخ کلامی

محسن نقوی کے ’’عوام کی مرضی‘‘ کے بیان نے نئے صوبوں کے قیام پر آئینی سوالات اٹھا دیے

میر رضا قتل کیس میں اہم فارنزک پیش رفت، جائے وقوعہ سے ملنے والا خول سکیورٹی گارڈ کے پستول سے میچ نہ ہوسکا