پنجاب حکومت کا “پرواز کارڈ” منصوبہ، سرٹیفائیڈ اسکلڈ ورک فورس کی بیرونِ ملک روانگی کا آغاز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب سے سرٹیفائیڈ اور تربیت یافتہ اسکلڈ ورک فورس کی بیرونِ ملک روانگی کے تاریخی منصوبے “پرواز کارڈ” کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے بیرونِ ملک جانے والے 135 کامیاب نوجوانوں سے خصوصی ملاقات کی، انہیں پرواز کارڈز تقسیم کیے اور جذباتی انداز میں الوداع کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ “پرواز کارڈ” صرف ایک منصوبہ نہیں بلکہ پنجاب کے پانچ لاکھ نوجوانوں کی تقدیر بدلنے کا مشن ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب بطور اسکلڈ ورکر بیرونِ ملک جا رہے ہیں، جہاں نہ صرف بہترین روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ جدید ماحول اور عالمی تجربات سے سیکھنے کا بھی موقع ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو کنسٹرکشن، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، ہاسپیٹلٹی، ہیلتھ اور انرجی سمیت مختلف شعبوں میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کر رہی ہے۔ جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں جدید ترین ٹریننگ لیبز قائم کی جا چکی ہیں تاکہ نوجوان عالمی منڈی کے تقاضوں کے مطابق ہنر حاصل کر سکیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ “پرواز کارڈ” کے تحت تمام امیدواروں کا انتخاب سو فیصد میرٹ پر کیا گیا ہے اور کسی قسم کی سفارش یا سیاسی مداخلت کی اجازت نہیں دی گئی۔ پہلے مرحلے میں منتخب 135 نوجوان ہاسپیٹلٹی اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں روزگار کے لیے بیرونِ ملک روانہ ہوں گے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں بڑی تعداد میں غیر ہنر مند افراد بیرونِ ملک جاتے تھے جس کی وجہ سے انہیں بہتر مواقع نہیں ملتے تھے، تاہم اب پنجاب حکومت عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو تربیت دے کر بیرونِ ملک بھیج رہی ہے تاکہ وہ باوقار روزگار حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک روزگار حاصل کرنے کے عمل میں نوجوانوں کو درپیش مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے تمام اخراجات اپنے ذمے لے لیے ہیں۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کو تین لاکھ روپے تک بلا سود قرض بھی فراہم کیا جا رہا ہے جس کی واپسی کے لیے ابتدائی تین ماہ کوئی قسط ادا نہیں کرنا ہوگی جبکہ بعد ازاں آسان اقساط میں ادائیگی کی جا سکے گی۔

وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک جا کر کبھی نہ بھولیں کہ آپ پاکستانی ہیں اور اپنے ملک کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آپ کا کردار، ورک ایتھک اور لوگوں کے ساتھ رویہ پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کو والدین کی خدمت اور ان سے مسلسل رابطے میں رہنے کی بھی تلقین کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں ترسیلاتِ زر کا حجم تقریباً 40 ارب ڈالر ہے اور ہنر مند افرادی قوت میں اضافہ پاکستان کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تقریب میں کامیاب امیدواروں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو قائد نواز شریف اور ان کا پورٹریٹ پیش کیا جبکہ شاندار اقدامات پر کھڑے ہو کر زبردست خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

کامیاب امیدواروں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ “پرواز کارڈ” نے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے اور بین الاقوامی روزگار حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے امیدوار شاہنواز نے کہا کہ وہ پہلے دوہری ملازمت کر کے بھی گھر کے اخراجات پورے نہیں کر پاتے تھے، لیکن اب انہیں بیرونِ ملک بہتر مستقبل کی امید ملی ہے۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نوجوانوں میں پرواز کارڈز تقسیم کیے، ان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا اور ماں کی طرح دعائیں دے کر انہیں کامیاب مستقبل کے لیے رخصت کیا۔

Related posts

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی کابینہ پر مؤثر کنٹرول قائم کرنے کا مشورہ دے دیا

عزادارانِ اہلِ بیتؑ کے تحفظ، امن اور سہولت کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز خود میدان میں

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں مالی سال 2024-25 کے دوران 25 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف