عزادارانِ اہلِ بیتؑ کے تحفظ، امن اور سہولت کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز خود میدان میں

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے دوران عزادارانِ اہلِ بیتؑ کے تحفظ، امن و امان اور سہولیات کی فراہمی کے لیے خود فرنٹ لائن پر آکر صوبہ بھر میں سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کی براہ راست نگرانی شروع کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں قائم پروونشل انٹیلی جنس سینٹر کا اہم دورہ کیا اور محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، صوبائی کنٹرول روم، فزیکل اور سائبر پیٹرولنگ، نفری کی تعیناتی اور جدید مانیٹرنگ سسٹمز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز (DCs) اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران (DPOs) زوم لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے اور اپنے اپنے اضلاع کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پروونشل انٹیلی جنس سینٹر کی ڈیجیٹل وال پر پنجاب بھر میں ہونے والے جلوسوں اور مجالس کی لائیو سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف اضلاع میں جلوسوں کے روٹس، حساس مقامات اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے لیے پنجاب پولیس کے ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی حفاظتی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ عوامی تحفظ کے لیے تربیت یافتہ رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی فیلڈ میں متحرک ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلی بار صوبے بھر میں جدید فزیکل اور سائبر پیٹرولنگ کا مربوط نظام نافذ کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا کی نگرانی کے لیے خصوصی سائبر ونگ قائم کیا گیا ہے جبکہ ڈیجیٹل میڈیا سیل رواں ماہ اب تک 6 ہزار سے زائد قابل اعتراض اکاؤنٹس اور مواد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کو رپورٹ کر چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے فرقہ واریت، نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔

محرم الحرام کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر کی 4,836 امام بارگاہوں میں QR کوڈ پر مبنی پینک بٹن نصب کیے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع فراہم کی جا سکے گی۔ تمام جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں LTE کمیونیکیشن سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے موبائل نیٹ ورک کی بندش کے باوجود حکومتی اداروں کے درمیان رابطہ برقرار رہے گا۔ محرم ای پورٹل کو PITB کے تعاون سے اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ڈیٹا مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ سکیورٹی کے انتظامات اس معیار کے ہوں کہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ “میں خود تمام اضلاع کے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کر رہی ہوں، عزاداروں کے تحفظ اور سہولت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”

گرمی کی شدت کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے جلوسوں کے تمام روٹس پر پانی کے چھڑکاؤ، ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلوں کے قیام اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس مقصد کے لیے جلوسوں کے راستوں پر اسموگ گنز بھی تعینات کی گئی ہیں تاکہ گردوغبار اور گرمی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ جلوسوں کے روٹس پر اسلحہ کی نمائش، چھتوں پر کھڑے ہونے، لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز تقاریر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی نافذ رہے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، بلدیاتی ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے مکمل باہمی رابطے کے ساتھ فیلڈ میں متحرک ہیں۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان پنجاب کے تمام 9 ڈویژنز کے دورے مکمل کر چکی ہے جبکہ اپریل اور مئی سے جاری تیاریوں کے نتیجے میں محرم الحرام کے ابتدائی سات دن مکمل طور پر پرامن اور محفوظ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر مدارس میں انگریزی اور حساب کی تعلیم کو لازمی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار دور دراز علاقوں کی امام بارگاہوں میں بھی QR کوڈ سسٹم کی تنصیب باعث فخر ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ محرم الحرام کے لیے اتنے جامع، منظم اور تفصیلی انتظامات کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے لیے یہ ایک امتحان ہے اور کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Related posts

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی کابینہ پر مؤثر کنٹرول قائم کرنے کا مشورہ دے دیا

پنجاب حکومت کا “پرواز کارڈ” منصوبہ، سرٹیفائیڈ اسکلڈ ورک فورس کی بیرونِ ملک روانگی کا آغاز

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں مالی سال 2024-25 کے دوران 25 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف