ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے پر غور، عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش جاری: وفاقی وزیر پیٹرولیم

لاہور: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں بہتری لائی جا سکے اور عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ محرم الحرام کا پہلا عشرہ پرامن انداز میں مکمل ہوا، جس پر پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کا فائدہ حکومت نے فوری طور پر عوام تک منتقل کیا۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جتنی کمی عالمی منڈی کے مطابق ممکن تھی، اس سے بھی بڑھ کر عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عالمی منڈی میں آنے والی تبدیلیوں کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

علی پرویز ملک نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ حکومت بین الاقوامی معاہدوں اور معاشی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے کے مختلف امکانات پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے تمام فیصلے قومی مفاد، بین الاقوامی ذمہ داریوں اور معاشی صورتحال کو سامنے رکھ کر کیے جائیں گے۔

Related posts

بغیر قانونی طریقہ کار پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنا غیر قانونی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ

حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کردیا، ڈیزل پر لیوی 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگئی

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی پر نیا تنازع، حکومت اور آئل انڈسٹری آمنے سامنے