کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا

کراچی: کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا، جو ملکی بحری تجارت کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس کامیابی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے قائم کیا گیا یہ ریکارڈ پاکستان کے بحری اور تجارتی شعبے میں جاری اصلاحات اور ترقی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کو خطے کا ایک مضبوط بحری و تجارتی مرکز بنانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے، جبکہ بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی، توسیع اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے اقدامات بھی تیزی سے جاری ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بندرگاہوں کی استعداد میں اضافے اور جدید سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف ملکی تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

دوسری جانب چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ کراچی پورٹ کی مسابقتی صلاحیت میں مزید اضافہ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورٹ کی آپریشنل کارکردگی، انتظامی صلاحیت اور مجموعی استعداد میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی پورٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے، کارگو ہینڈلنگ کی استعداد میں مزید اضافے اور صارفین کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔

Related posts

ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے پر غور، عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش جاری: وفاقی وزیر پیٹرولیم

بغیر قانونی طریقہ کار پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنا غیر قانونی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ

حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کردیا، ڈیزل پر لیوی 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگئی