لاہور: ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز اعلان کردہ دس ہزار روپے کے اعزازیے اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی پر سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ گزر جانے کے باوجود انہیں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ دس ہزار روپے کا اعزازیہ نہیں دیا گیا، جبکہ انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ یہ رقم یکم جولائی کو تنخواہ کے ساتھ ادا کر دی جائے گی۔
ورکرز کے مطابق عید کے دنوں میں ان سے معمول سے کہیں زیادہ، حتیٰ کہ ڈبل ڈیوٹی لی گئی تاکہ شہر میں صفائی کا نظام برقرار رکھا جا سکے، مگر اس اضافی محنت کے باوجود نہ تو اعلان کردہ اعزازیہ ملا اور نہ ہی کسی قسم کا بونس دیا گیا۔
ملازمین نے بتایا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ورکرز کو دس ہزار روپے اعزازیہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم اس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ بار بار یقین دہانیاں کرائی گئیں، لیکن ادائیگی نہ ہونے پر ورکرز میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
اعزازیے اور واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف ستھرا پنجاب لاہور کے ورکرز نے ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا آغاز کر دیا ہے۔ ملازمین کے مطابق احتجاج کے سلسلے میں اللہ ہو چوک، گارڈن ٹاؤن اور لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرے کیے جائیں گے تاکہ متعلقہ حکام تک ان کے مطالبات پہنچائے جا سکیں۔
ورکرز نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلان کردہ دس ہزار روپے کا اعزازیہ، تنخواہیں اور دیگر واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔