وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اہم ملاقات کی

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی دو سالہ حکومتی کارکردگی کو تاریخی اور بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی خدمت، گڈ گورننس اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اضلاع اور تحصیل کی سطح پر الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا اقدام ایک انقلابی قدم ہے، جس سے عوام کو معیاری، ماحول دوست اور جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں شروع کیے گئے “ستھرا پنجاب” پروگرام نے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی نئی بنیاد رکھی ہے، جبکہ “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کو اپنی رہائش کا خواب پورا کرنے کی امید ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں منصوبوں کو بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملنا پنجاب کے لیے باعثِ فخر ہے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی کارکردگی صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر میدان میں نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تیز ترین رسپانس، مؤثر انتظامی نظام اور گڈ گورننس کا ایک مثالی ماڈل قائم کیا گیا ہے، جس کے مثبت اثرات عوام کی زندگیوں میں واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی متعدد تاریخی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق آج پنجاب میں خواتین خود کو زیادہ محفوظ محسوس کر رہی ہیں جبکہ نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے زیادہ پُرامید دکھائی دیتے ہیں، جو حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف دن رات عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فیلڈ میں متحرک رہتی ہیں اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ذاتی طور پر نگرانی کرتی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس عوامی امنگوں کی بھرپور ترجمانی کرے گا اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں مؤثر قانون سازی، جمہوری روایات کے فروغ اور ایوان کی کارروائی کو احسن اور مدبرانہ انداز میں چلانے میں اسپیکر ملک محمد احمد خان کا کردار قابلِ تحسین اور قابلِ فخر ہے۔

مریم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب کا واحد مقصد صوبے کے ہر شہری تک ریلیف پہنچانا اور پنجاب کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا جو سفر شروع کیا گیا ہے، اس کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔

Related posts

ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز اعلان کردہ دس ہزار روپے کے اعزازیے اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی پر سراپا احتجاج

پنجاب میں زرعی شعبے کا بڑا انقلاب، 10 لاکھ کسان کارڈز کا ہدف آخری مرحلے میں، 360 ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا