پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بابر اعظم کو دوبارہ ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے کیا، اس موقع پر اسد شفیق اور سابق کپتان مصباح الحق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل فٹنس مسائل کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے، جبکہ سلیکشن کمیٹی نے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔
پاکستان ٹیم اپنے دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے کرے گی۔ قومی ٹیم 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم اپ میچ کھیلے گی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں کھیلا جائے گا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ وہ اور اسد شفیق گزشتہ 18 ماہ سے سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہیں، جبکہ مصباح الحق اور سرفراز احمد کو کمیٹی میں شامل ہوئے تقریباً 6 ماہ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید کرکٹ میں تینوں فارمیٹس کی ضروریات مختلف ہیں، اس لیے سلیکشن کرتے وقت ہر کھلاڑی کی متعلقہ فارمیٹ میں کارکردگی کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کے انتخاب میں موجودہ فارم، فٹنس اور مستقبل کی ضروریات کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔
بابر اعظم کی بطور ٹیسٹ کپتان واپسی کو قومی ٹیم کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ شائقین کرکٹ کی نظریں ویسٹ انڈیز اور بعد ازاں انگلینڈ کے دورے میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر مرکوز ہوں گی۔