وفاقی حکومت کا 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی طلب پوری کرنے، آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور ممکنہ قلت سے بچنے کے لیے فوری طور پر 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبوں کی جانب سے گندم کی مجموعی طلب کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی کہ پاسکو (پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن) کے پاس موجود ذخائر صوبوں کی مجموعی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہیں، جس کے باعث درآمد کا فیصلہ ناگزیر قرار دیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ درآمدی گندم کی آمد تک پاسکو کے پاس موجود تمام دستیاب ذخائر صوبوں کو ان کی ضرورت اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق فراہم کیے جائیں گے تاکہ ملک بھر میں گندم اور آٹے کی سپلائی کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔

وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی کے مطابق اس فیصلے کا مقصد صرف موجودہ ضروریات پوری کرنا ہی نہیں بلکہ مارکیٹ میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنانا، قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کو روکنا اور ذخیرہ اندوزی کے خدشات کا سدباب کرنا بھی ہے۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت نے گندم کی قیمتوں، دستیابی اور سپلائی چین سے متعلق تمام صوبوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ درآمد کے ذریعے ملکی ضروریات پوری کی جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو سستی، معیاری اور وافر مقدار میں گندم اور آٹے کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے وفاقی اور صوبائی ادارے باہمی تعاون سے اقدامات جاری رکھیں گے۔ ساتھ ہی گندم کی ترسیل، ذخائر کی نگرانی اور مارکیٹ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رہے اور سپلائی کا نظام بلا تعطل جاری رہے۔

Related posts

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا پیپلز پارٹی کے ترجمانوں اور بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل

محکمہ موسمیات نے آج رات اور جمعہ کے روز شدید بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کا الرٹ جاری کر دیا

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کا پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کے بیانات پر سخت ردعمل