مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں کو اہم ہدایت

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کو نظر انداز کریں اور موجودہ قومی حالات کے پیش نظر حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی برقرار رکھنے پر توجہ دیں۔

دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ ملک اس وقت معاشی، سیاسی اور سکیورٹی کے حوالے سے غیرمعمولی چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے میں کسی بھی ایسے بیان یا ردعمل سے اجتناب کیا جانا چاہیے جس سے وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان اختلافات یا کشیدگی کا تاثر پیدا ہو۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی کے اس بیان، جس میں “سسٹم تباہ ہونے” کا ذکر کیا گیا تھا، پر مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت نے اپنے تحفظات نواز شریف کے سامنے رکھے۔ پارٹی رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ اس نوعیت کے بیانات سیاسی حلقوں میں مختلف سوالات کو جنم دے سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے پارٹی قیادت کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی مفاد سب سے مقدم ہے اور تمام ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کا ماحول برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارٹی رہنما عوامی بیانات اور سیاسی ردعمل میں احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی قسم کی غیر ضروری سیاسی یا ادارہ جاتی کشیدگی پیدا نہ ہو اور حکومت اپنی توجہ معاشی استحکام، امن و امان اور دیگر قومی ترجیحات پر مرکوز رکھ سکے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا مؤقف ہے کہ موجودہ داخلی اور علاقائی صورتحال میں سیاسی استحکام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کا ماحول برقرار رکھنا ملکی مفاد میں ناگزیر ہے، اسی لیے قیادت نے رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے معاملات پر غیر ضروری ردعمل سے گریز کریں جو قومی سطح پر غلط تاثر پیدا کر سکتے ہیں۔

Related posts

رانا ثنا اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام سے متعلق بیان پر ردعمل

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں کو اہم ہدایت

پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر انتخابی بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات عائد کردیئے