پمز کے مدر اینڈ چائلڈ سینٹر کیلئے ایک ارب 6 کروڑ 94 لاکھ روپے مختص

اسلام آباد: پمز اسپتال کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر (ایم سی ایچ) سینٹر کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، دستاویز کے مطابق رواں مالی سال مرکز کے لیے مجموعی طور پر ایک ارب 6 کروڑ 94 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال 2025-26 میں مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کا بجٹ 85 کروڑ 56 لاکھ روپے تھا، یوں رواں مالی سال مختص بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ کیا گیا ہے۔
بجٹ کی تفصیلات کے مطابق ایم سی ایچ سینٹر کے اخراجات میں سب سے بڑا حصہ ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور روزمرہ آپریٹنگ اخراجات کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 35 کروڑ 69 لاکھ روپے
دستاویز کے مطابق مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کے ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں مجموعی طور پر 35 کروڑ 69 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ان میں سینٹر کے افسران کی تنخواہوں کے لیے 20 کروڑ روپے جبکہ دیگر عملے کی تنخواہوں کے لیے 15 کروڑ 65 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
اسی طرح ملازمین کے مختلف الاؤنسز کی مد میں 33 کروڑ 27 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
آپریٹنگ اخراجات کیلئے 27 کروڑ روپے
بجٹ دستاویز کے مطابق ایم سی ایچ سینٹر کے آپریٹنگ اخراجات پورے کرنے کے لیے 27 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
سینٹر کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے 60 لاکھ روپے جبکہ اسکالرشپ کی مد میں 85 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
مرمت اور مشینری کیلئے مختص رقم
دستاویز کے مطابق مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مرکز کی مشینری اور سازوسامان کے لیے 70 لاکھ روپے جبکہ عمارت اور اسٹرکچر کی مد میں 40 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ اسٹور اسٹاک، پلانٹ اور مشینری کے لیے 60 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ
بجٹ دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال ایم سی ایچ سینٹر کے لیے 85 کروڑ 56 لاکھ روپے مختص تھے، جو رواں مالی سال بڑھ کر ایک ارب 6 کروڑ 94 لاکھ روپے ہوگئے ہیں۔
دستاویز سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال ایم سی ایچ سینٹر کے لیے اضافی فنڈز کا بڑا حصہ ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور آپریٹنگ اخراجات سمیت مختلف انتظامی و طبی ضروریات پر خرچ کیا جائے گا۔
پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کا بجٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں اسی سینٹر کی نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں متعدد نومولود بچوں کی ہلاکت ہوئی، جس کے بعد اسپتال کے حفاظتی انتظامات اور سہولیات سے متعلق سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔

Related posts

پمز سانحہ: بچوں کی موت آکسیجن بند ہونے اور جھلسنے سے ہوئی، ابتدائی رپورٹ

پمز سانحہ: بچوں کی موت آکسیجن بند ہونے اور جھلسنے سے ہوئی، ابتدائی رپورٹ

عمران خان کیلئے ریلیف کا تسلسل، اہل خانہ کی ملاقاتیں سیاسی بیانات نہ دینے سے مشروط