ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

کراچی: ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا مقصد 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج اور پاکستانی قوم کی قربانیوں اور عزم کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ شہدا کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔
6 ستمبر 1965 کو بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا تھا، جس کے جواب میں پاک فوج اور پاکستانی قوم نے بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔ جنگ کے دوران مسلح افواج کے جوانوں نے دفاع وطن کے لیے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔
1965 کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے بھی دفاع وطن میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستانی قوم نے بھی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر قومی اتحاد اور جذبے کا مظاہرہ کیا۔
یومِ دفاع و شہدا کے سلسلے میں کراچی میں مزارِ قائد پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں پاکستان ایئر فورس کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب میں ایئر وائس مارشل حسن فیصل، ایئر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری ہے اور ہر مشکل وقت میں پاک فضائیہ نے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا بھی منہ توڑ جواب دیا اور ملکی دفاع کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ایئر وائس مارشل حسن فیصل کا کہنا تھا کہ سربراہ پاک فضائیہ کی قیادت میں جدید ترین نظام کے ذریعے ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے ملک کی فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں شہدا کے مزارات اور یادگاروں پر حاضری دی جا رہی ہے، پھول چڑھائے جا رہے ہیں اور فاتحہ خوانی کی جا رہی ہے۔
قوم اس دن اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کر رہی ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت اور ملکی خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یومِ دفاع و شہدا ایک بار پھر اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Related posts

پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق صدر پنجاب اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کو گرفتار کر لیا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سندھ کی تقسیم یا نئے صوبے کے قیام کی کسی بھی تجویز کی سخت مخالفت

نئے صوبے لسانیت یا قومیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں،اویس لغاری