وزیر اعظم کی امارتی سفیر سے ملاقات، پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے  پہلگام واقعے سےمتعلق بھارت کےلگائے گئے بےبنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، پہلگام واقعے کی قابل اعتماد، شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موجودہ بحران پر اپنا موقف پیش کرنے کے لیے دوسرے دوست ممالک سے رابطہ کر رہا ہے، یواےای سمیت برادر ممالک خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بھارت کو مائل کریں۔

ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کےلیےغیر متزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ 

وزیراعظم نے پہلگام واقعے کے بعدجنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال پرپاکستان کےنکتہ نظر سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے، پاکستان اپنے مغربی محاذ سے پیدا ہونے والے دہشت گردی کے عفریت سے نمٹ رہا ہے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی اقدامات اور جارحانہ انداز کا مقصد پاکستان کی توجہ دہشتگردی کے خلاف کوششوں سے ہٹانا ہے۔

Related posts

سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں عابد شیر علی اور ایمل ولی خان کے درمیان تلخ کلامی

محسن نقوی کے ’’عوام کی مرضی‘‘ کے بیان نے نئے صوبوں کے قیام پر آئینی سوالات اٹھا دیے

میر رضا قتل کیس میں اہم فارنزک پیش رفت، جائے وقوعہ سے ملنے والا خول سکیورٹی گارڈ کے پستول سے میچ نہ ہوسکا