بھارت کے وحشیانہ حملوں میں 40 شہریوں اور 11 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا: آئی ایس پی آر

اسلام آباد: آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ بھارت کے وحشیانہ حملوں میں 40 شہریوں اور 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک  فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور7 مئی کی درمیانی شب، بھارتی افواج نے بلا اشتعال اور قابل مذمت وحشیانہ حملے شروع کیے، ان حملوں میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ بھارتی حملوں میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں7خواتین اور 15 بچے شامل ہیں جب کہ حملوں میں 10خواتین اور 27 بچوں سمیت 121 افراد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستانی مسلح افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور مادروطن کا دفاع کرتے ہوئے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ  مسلح افواج کے 78 جوان زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں نائیک عبدالرحمان،لانس نائیک دلاور خان،لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پاک فضائیہ کےاسکواڈرن لیڈرعثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب،سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینئر ٹیکنیشن مبشر بھی شہدا میں شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانی، ہمت، لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کی لازوال علامت ہے، شہدا کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے، اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے،پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کوچیلنج کرنے کی کوشش کا بھرپوراورفیصلہ کن جواب دیا جائیگا۔

Related posts

سپریم کورٹ کا عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی حمایت پر صدر ٹرمپ کے الفاظ کو سراہتا ہوں: وزیراعظم شہباز شریف

سرکاری معالجین عمران خان کا باقاعدگی سے طبی معائنہ کرتے ہیں، ایک آنکھ تقریباً نارمل ہوچکی: اڈیالہ جیل رپورٹ