یوٹیوب میں نیا Create موڈ: صارفین کے لیے شارٹس تیار کرنا اور AI ٹولز متعارف

سان فرانسسکو: یوٹیوب نے اپنی موبائل ایپ میں نئے Create موڈ کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کا مقصد صارفین کے لیے شارٹس اور دیگر ویڈیوز کی تیاری کو آسان بنانا ہے۔

اینڈرائیڈ پولیس کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا موڈ یوٹیوب ایپ میں پلس آئیکون پر کلک کرنے سے کھلے گا اور صارفین کو مواد کی تیاری کے متعدد ٹولز فراہم کرے گا، جن میں AI پر مبنی ٹولز بھی شامل ہیں۔

صارفین اس نئے موڈ کو تصاویر، ویڈیو کلپس، گرین اسکرین بیک گراؤنڈز، میوزک ٹریکس اور دیگر مواد تیار کرنے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔ گوگل نے واضح نہیں کیا کہ AI ٹولز کس طرح صارفین کو تصاویر یا ویڈیوز بنانے میں مدد دیں گے، مگر امکان ہے کہ صارفین کو ایک پرومپٹ تحریر کرنی ہوگی۔

یہ نیا موڈ بالکل نیا فیچر نہیں ہے، کیونکہ پہلے سے ہی یوٹیوب ایپ میں تجرباتی AI فیچرز کے ذریعے ویڈیوز اور تصاویر کی تیاری ممکن ہے۔ تاہم، نئے Create موڈ کے ذریعے یہ ٹولز ایک جگہ جمع کر کے استعمال کرنا آسان بنایا گیا ہے۔

ابھی یہ موڈ محدود صارفین کو دستیاب ہے اور گوگل کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد شارٹس کی تیاری کے لیے نئے ذرائع کی آزمائش کرنا ہے۔ کمپنی کی ترجیحات میں مختصر ویڈیوز پر توجہ مرکوز کرنا شامل ہے تاکہ نہ صرف دیگر پلیٹ فارمز کا مقابلہ کیا جا سکے بلکہ کریئیٹرز کی ضروریات بھی پوری کی جا سکیں۔

مزید برآں، کمپنی نے حال ہی میں اڈوب کے ساتھ شراکت داری بھی کی ہے تاکہ مختصر ویڈیوز کی تیاری اور بھی آسان ہو جائے.

Related posts

دو دہائیاں قبل شاید ہی کسی نے تصور کیا ہو کہ ایک چھوٹی سی ڈیوائس انسان کی روزمرہ زندگی کے تقریباً ہر پہلو پر اس قدر گہرے اثرات مرتب کرے گی

رواں سال ملک پر 400 سے زائد سائبر حملوں کی کوششیں کی گئیں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز بحال، کئی گھنٹے صارفین کو مشکلات کا سامنا