لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے 20 سے 24 جولائی کے دوران صوبے کے مختلف دریاؤں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ موسمی صورتحال اور متوقع بارشوں کے باعث دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کے رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا بھی اظہار کیا ہے۔ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے ریسکیو 1122 کو تمام ضروری انتظامات پیشگی مکمل کرنے، ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھنے اور ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا وافر ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی مکمل تیاری کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ ہمہ وقت موجود رہے اور عوام کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے دریاؤں کے پاٹ میں قائم مکانات اور مویشیوں کے بروقت انخلاء، فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ہنگامی انخلاء کی صورت میں ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔