وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر 17 ستمبر 2025 کو سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا۔
ریاض کے الیمامہ پیلس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِاعظم پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کی قیادت میں وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات ہوئے۔ اجلاس کے آغاز میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان “اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کیے گئے۔اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے، دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ معاہدے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گاوزیرِاعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور فراخدلانہ مہمان نوازی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور سعودی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی وزیرِاعظم پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔