لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معلومات کی رسائی (Access to Information) کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اطلاعات و آگاہی روشن معاشرے کی بنیاد اور جمہوریت کی سانس ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ معلومات تک رسائی شفاف طرزِ حکمرانی، عوامی اعتماد اور بہتر فیصلہ سازی کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ درست اور بروقت معلومات عوام کو بااختیار بناتی ہیں، حکومت پر اعتماد بڑھاتی ہیں اور فیصلہ سازی کو مزید شفاف کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت کا پیغام عوام تک اور عوام کی آواز حکومت تک پہنچانے کا پل ہے۔ پنجاب حکومت نے اطلاعات کے نظام کو ڈیجیٹل بنا کر ہر شہری تک حقائق کی بلا تعطل رسائی یقینی بنائی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ شفافیت اور بروقت معلومات نہ صرف جمہوریت کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ ایک باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی ضمانت بھی ہیں۔