اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ اجلاس کے دوران اراکین نے بانی چیئرمین عمران خان کو لگائی گئی شکایات پر ایک دوسرے سے تکرار کی۔
ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے شکایت کی کہ اڈیالہ جیل میں وکلا درست معلومات عمران خان تک نہیں پہنچاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اراکین اسمبلی قربانیاں دے رہے ہیں لیکن جیل میں جا کر چند وکلا مخصوص بیانیہ پیش کرتے ہیں جبکہ اراکین کی جدوجہد اور مؤقف کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔
جنید اکبر نے کہا کہ اڈیالہ میں صرف چند رہنماؤں اور مخصوص گروپ کا مؤقف عمران خان تک پہنچایا جاتا ہے جس سے باقی اراکین کی قربانیاں اور مؤقف پس منظر میں چلا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ اپوزیشن سے متعلق سیاسی فیصلوں کا مکمل اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دیا گیا ہے۔