بنگلورو: بھارتی ریاست کرناٹکا میں مشہور ریئلیٹی شو ’بگ باس کنڑ سیزن 12‘ کو اچانک بند کر دیا گیا جبکہ شو کے سیٹ کو سیل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کرناٹک حکومت کے حکام نے منگل کی رات بنگلورو کے نواحی علاقے میں واقع جالی وُڈ اسٹوڈیوز اینڈ ایڈونچرز کے احاطے کو بند کرتے ہوئے ریئلیٹی شو ’بگ باس کنڑ‘ کی شوٹنگ روک دی۔
کرناٹک اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے کارروائی کرتے ہوئے بتایا کہ اسٹوڈیو انتظامیہ نے ماحولیاتی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی اور درکار اجازت ناموں کے بغیر کام جاری رکھا، جس پر یہ اقدام ناگزیر ہو گیا۔
شرکاء کو گھر خالی کرنے کا حکم
بورڈ کے اہلکاروں نے تمام شرکاء کو فوری طور پر بگ باس ہاؤس خالی کرنے کا حکم دیا اور انہیں سیکیورٹی کے ساتھ احاطے سے باہر منتقل کیا گیا۔
اس وقت شو کی میزبانی معروف کنڑ اداکار کچا سدیپ کر رہے تھے۔ ’بگ باس کنڑ سیزن 12‘ کا آغاز حال ہی میں ہوا تھا جبکہ اس کا شاندار سیٹ 5 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا تھا، جو اب مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، شو کی بندش کے بعد 700 سے زائد افراد — جن میں تکنیکی عملہ، پروڈکشن ٹیم اور معاون اسٹاف شامل تھا — گھر واپس چلے گئے۔
ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کارروائی
اس پیش رفت پر وزیرِ جنگلات کرناٹکا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:
“خلاف ورزیوں پر نوٹس جاری ہونے کے باوجود اسٹوڈیو انتظامیہ نے سرگرمیاں جاری رکھیں۔ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔”
وزیر کے مطابق، ویلز اسٹوڈیوز اینڈ انٹرٹینمنٹ کو مارچ 2024 میں باقاعدہ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ادارے کے پاس واٹر ایکٹ اور ایئر ایکٹ کے تحت درکار اجازت نامے نہیں تھے اور نہ ہی انہوں نے انہیں حاصل کرنے کی کوئی کوشش کی۔
وزیر نے واضح کیا کہ متعدد معائنوں اور انتباہات کے باوجود اسٹوڈیو کی سرگرمیاں جاری رہیں، جو سپریم کورٹ اور نیشنل گرین ٹریبونل (NGT) کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر شو کے منتظمین چاہیں تو وہ اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔