اسلام آباد: پاکستان میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 350 سے 400 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کئی شہریوں نے کھانوں میں ٹماٹر کے بجائے دہی کو بطور متبادل استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔
قیمتوں میں تیز اضافہ
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایک ماہ قبل جو ٹماٹر 20 روپے فی کلو فروخت ہورہا تھا، وہ اب 20 گنا سے زائد مہنگا ہوچکا ہے۔
پوش علاقوں میں ٹماٹر کی قیمت 400 روپے فی کلو تک جاپہنچی ہے جبکہ عام بازاروں میں یہ 350 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔
وجوہات: فصلوں کی تباہی اور سپلائی میں کمی
ذرائع کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب کے باعث ٹماٹر کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، جس سے ملک بھر میں ٹماٹر کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
فی الحال بلوچستان واحد صوبہ ہے جہاں سے ٹماٹر کی سپلائی پورے ملک میں ہورہی ہے۔
تاہم کوئٹہ میں بھی قیمتیں 300 سے 350 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہیں۔
مارکیٹ صورتحال اور انتظامیہ کی غفلت
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ عام حالات میں ٹماٹر کی قیمت 15 سے 40 روپے فی کلو تک ہوتی ہے، لیکن اس سیزن میں قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں مکمل طور پر غیر فعال ہیں اور انتظامیہ سبزی فروشوں کی من مانی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
ماہرین کی پیش گوئی
زرعی ماہرین کے مطابق سندھ میں ٹماٹر کی نئی فصل آنے میں دو ماہ کا وقت لگے گا، اس دوران ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتیں بلند ترین سطح پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔