لاہور: پنجاب پولیس نے 2016 سے 2025 کے دوران مذہبی جماعت کی جانب سے کیے گئے پُرتشدد احتجاجوں اور مظاہروں کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاجوں کے دوران 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ مظاہرین کے پتھراؤ، لاٹھی چارج اور فائرنگ کے واقعات میں 1648 اہلکار زخمی ہوئے۔
زخمی اہلکاروں میں سے 69 مستقل معذور اور 202 شدید زخمی ہوئے۔
شہری جانی نقصان
پولیس کے مطابق مظاہرین کے تشدد سے 16 عام شہری جاں بحق جبکہ 54 شدید زخمی ہوئے۔
املاک اور سرکاری نقصان
ٹی ایل پی کے احتجاجی مظاہرین نے:
• 97 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ،
• 2 گاڑیاں جلا دی گئیں،
• 10 پولیس عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
قانونی کارروائیاں
پولیس ریکارڈ کے مطابق 305 مقدمات دہشت گردی کی دفعات کے تحت جبکہ 480 دیگر دفعات کے تحت درج کیے گئے۔
حالیہ احتجاجوں میں 1529 نامزد افراد اور 17,812 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے پرامن احتجاج کے حامی ہیں، تاہم کسی بھی قسم کے تشدد، جانی نقصان یا عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔