پنجاب حکومت کے “ستھرا پنجاب” گرینڈ عید صفائی آپریشن نے عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی نئے ریکارڈ قائم

پنجاب حکومت کے “ستھرا پنجاب” گرینڈ عید صفائی آپریشن نے عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔ صوبہ بھر میں آلائشوں اور قربانی کے باقیات کو بروقت ٹھکانے لگانے، سڑکوں اور گلیوں کی دھلائی اور صفائی کے انتظامات کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں صفائی کے غیر معمولی معیار دیکھنے میں آئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پہلے دو روز کے دوران پنجاب بھر سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 22 ہزار ٹن ویسٹ کلیکشن کی گئی، جبکہ دوسرے روز ایک لاکھ 12 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور باقیات تلف کی گئیں۔ حکام کے مطابق صفائی آپریشن نے 119 فیصد ٹارگٹ حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔

“ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت صفائی گاڑیوں نے پہلے دو روز میں مجموعی طور پر 32 لاکھ 28 ہزار کلومیٹر ایریا کور کیا، جبکہ صرف دوسرے روز 13 لاکھ 46 ہزار کلومیٹر سے زائد علاقے میں صفائی سرگرمیاں جاری رہیں۔ پنجاب بھر میں ایک ہزار 54 کلومیٹر طویل سڑکوں کو دھویا گیا، جبکہ بازاروں، گلیوں اور محلوں میں فینائل کے استعمال کے ساتھ عرق گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ شہریوں کو صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

حکومت پنجاب کی ہدایت پر عید کے دوسرے روز بھی کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہے اور صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔ دوسری جانب سیف سٹی اتھارٹی نے کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے آلائشوں اور باقیات کی نشاندہی کی، جس کے بعد متعلقہ ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں تلف کیا۔

پنجاب کے تمام 41 اضلاع میں آلائشیں اور باقیات اٹھا کر ویسٹ پوائنٹس تک منتقل کی گئیں، جبکہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا بھی فوری ازالہ کیا گیا۔ مختلف شہروں میں صفائی کے نمایاں نتائج سامنے آئے جہاں سڑکیں اور گلیاں چمک اٹھیں۔

منڈی بہاؤالدین، میانوالی، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، رحیم یار خان اور سرگودھا میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ سیالکوٹ، قصور، پاکپتن، مری اور وہاڑی میں سڑکوں کو فینائل سے دھو کر عرق گلاب سے معطر کیا گیا۔

اسی طرح وزیر آباد، راجن پور، ملتان، اٹک، بہاولپور اور بہاولنگر میں گلیوں، محلوں اور قربان گاہوں کی صفائی مکمل کر لی گئی۔ بھکر، چنیوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور چکوال میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے نئے ریکارڈ قائم کیے گئے۔

نارووال، جہلم، جھنگ، خوشاب، ڈی جی خان، حافظ آباد اور گجرات میں “ستھرا پنجاب” کے ورکرز کی انتھک محنت کو شہریوں نے سراہا، جہاں بروقت صفائی اور آلائشوں کی منتقلی کے باعث ماحول صاف اور خوشگوار رہا۔

حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت عید صفائی آپریشن کو مؤثر، شفاف اور تیز رفتار بنایا گیا، جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور فیلڈ مانیٹرنگ کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

Related posts

یومِ تکبیر: وزیراعظم شہباز شریف کا قوم کے نام پیغام، پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر قرار دے دیا

وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شہباز شریف نے حج 1447 ہجری کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام

وزیراعظم شہباز شریف کی ایران، امریکا مذاکرات پاکستان میں ہونے کی امید خطے میں امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری