راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ان کی بہن نورین نیازی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی، جو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔
جیل ذرائع کے مطابق نورین نیازی اور عمران خان کی ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی۔ ملاقات کے دوران مختلف امور پر گفتگو ہوئی، تاہم ملاقات میں زیر بحث آنے والے معاملات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نورین نیازی کی گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عمران خان سے دوسری ملاقات ہے۔ ملاقات کے بعد نورین نیازی اڈیالہ جیل سے روانہ ہوئیں اور گورکھپور فیکٹری ناکے تک پہنچیں۔
نورین نیازی نے جیل سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کیا اور صحافیوں کے سوالات کا جواب دیے بغیر روانہ ہوگئیں۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بھی ملاقات کروائی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان ملاقات تقریباً 35 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات کی مزید تفصیلات جیل ذرائع کی جانب سے فراہم نہیں کی گئیں۔
یوں اڈیالہ جیل میں ایک ہی روز عمران خان کی اپنی بہن نورین نیازی اور اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقاتیں ہوئیں، جبکہ نورین نیازی کی گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بانی پی ٹی آئی سے یہ دوسری ملاقات قرار دی جارہی ہے۔