قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے یومِ پاکستان کے موقع پر گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پُر وقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد پاکستان رینجرز کے باہمت اور کڑیل جوانوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ 14 اگست کا دن قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کے خوابوں کی تعمیر کا دن ہے۔ انہوں نے آزادی کی شمع روشن کرنے والے لاکھوں مسلمانوں کی بیش قیمت قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ ٹائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ معرکۂ حق میں فتح نے قوم کے جذبۂ حب الوطنی میں نئی روح پھونک دی ہے۔ سرحدوں کی حفاظت صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ ایمان کا تقاضا ہے۔ پاکستانی قوم ناقابلِ تسخیر ہے، جو نہ صرف بیدار ہے بلکہ ہر قیمت پر اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہم سندھی، بلوچی، پنجابی یا پٹھان نہیں، بلکہ سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور یہی ہماری اصل شناخت ہے۔ یہ وطن ہمارے آبا و اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے اور اس پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت پاک فوج اور عوام کے درمیان لازوال رشتے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پنجاب رینجرز کے کڑیل جوانوں کا جذبہ قابلِ دید تھا، جبکہ فضا پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔