ڈائریکٹرجنرل پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ملتان پچھلے 48 گھنٹوں سے دباؤ میں ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے چوائس نیوز کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 2 دن ملتان کے لیے آسان نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع تھی کہ 4 ستمبرتک پنجند پر پانی اپنی انتہا کو پہنچ جائے گا اور 6 ستمبر تک سند ھ میں داخل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اتنی زیادہ سیلابی صورت حال ہو گئی کہ پانی آگے اُس رفتار سے نہیں گیا جس رفتار سے اُسے جانا چاہیے تھا۔
یاد رہے کہ تریموں سے 5 لاکھ 40 ہزار کیوسک کا ریلا 2 روز تک ملتان کی حدود میں داخل ہوگا، محکمہ انہار نے دریائے چناب میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر شیر شاہ بند میں شگاف ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع محکمہ انہار کے مطابق شیر شاہ بند پر بیٹھے ہوئے افراد اور ملحقہ آبادی کو اطلاع دے دی گئی ہے، شگاف پڑنےکی صورت میں متاثرہ علاقےخالی کرنےکے اعلانات کیے جارہے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ دریائےچناب کے بیٹ کے علاقے پہلے ہی پانی سے بھر چکے ہیں، مزید گنجائش نہ ہونے کے باعث بریچنگ کا فیصلہ کیاگیا۔