پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے پر جمعہ کو ملک بھر میں “یوم تشکر و یوم دعا” منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا اور اس کے نتیجے میں پاکستان کو حرمین شریفین کی سکیورٹی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
کیتھڈرل چرچ میں بشپ آزاد مارشل اور دیگر اقلیتی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یہ دفاعی معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کی قومی سلامتی کے تحفظ کی عکاسی کرتا ہے بلکہ خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے امت مسلمہ کو مزید تقویت ملے گی کیونکہ اس میں حرمین شریفین کے دفاع کو شامل کیا گیا ہے۔چیئرمین علماء کونسل نے وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ افواجِ پاکستان کو یہ سعادت حاصل ہوئی ہے کہ وہ ارض حرمین شریفین کے دفاع میں شریک ہوں گی۔
اس موقع پر صدر چرچ آف پاکستان بشپ آزاد مارشل نے کہا کہ مسیحی برادری نے قیام پاکستان کے وقت بھی کلیدی کردار ادا کیا اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر مشکل وقت میں اپنی بہادری اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور بڑے سے بڑے دشمن کا جرات مندی سے مقابلہ کیا ہے۔