وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ساہیوال کی تاریخ کے پہلے جدید ترین الیکٹرو بس منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خود الیکٹرو بس میں سفر کیا اور عوام کے ساتھ خوشی کے لمحات شیئر کیے۔ وزیراعلیٰ کی آمد پر شہر بھر میں جوش و خروش دیکھنے میں آیا، سڑکوں کے اطراف ہزاروں لوگ جمع ہو گئے جنہوں نے مریم نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔
عوام کی بڑی تعداد الیکٹرو بس کے ساتھ ساتھ چلتی رہی جبکہ ہجوم کی وجہ سے بس آہستہ آہستہ حرکت کرتی رہی۔ شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے لگائے: “کامیابیوں کا نور، عوام کا غرور، مریم نواز شریف”۔ عوام کے ہاتھوں میں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف کے پوسٹرز بھی نمایاں تھے۔
تقریب میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر بٹ نے پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ساہیوال میں 16 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی جو ابتدائی طور پر چار روٹس پر سفر کریں گی۔
• پہلا روٹ: عارف والا بائی پاس تا سرور چوک
• دوسرا روٹ: نور شاہ تا کے ایف سی بائی پاس
• تیسرا روٹ: فرید ٹاؤن تا یوسف والا
• چوتھا روٹ: جنرل بس اسٹینڈ تا کمیر
روزانہ 25 ہزار سے زائد مسافر اس ماحول دوست الیکٹرو بس سروس سے استفادہ کریں گے۔ ہر اسٹاپ کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے۔
الیکٹرو بسوں میں جدید سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں جن میں مفت وائی فائی، موبائل چارجنگ پوائنٹس، سی سی ٹی وی کیمرے اور خواتین کے لیے علیحدہ کمپارٹمنٹ شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت ساہیوال میں بسوں کے لیے جدید چارجنگ اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولت فراہم کرے گا بلکہ ماحول دوست گرین پنجاب کے وژن کو بھی تقویت دے گا۔