پنجاب اسمبلی نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تحقیقات اور متاثرین کی بحالی کے لیے اعلیٰ اختیاراتی پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی کا نوٹیفکیشن پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمیٹی کی سربراہی پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سید علی حیدر گیلانی کریں گے جبکہ اس میں کل 24 اراکین اسمبلی شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 30 دن کے اندر اپنی جامع رپورٹ اور سفارشات مرتب کرے۔
کمیٹی کے مینڈیٹ میں سیلاب سے ہونے والے زرعی نقصانات، لائیو اسٹاک اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے مالی اور مادی نقصان کا تخمینہ لگانا شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کے جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لینا بھی کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی۔
کمیٹی انسانی جانوں کے ضیاع کے اسباب و عوامل کی نشاندہی کرے گی اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے جامع سفارشات پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ کمیٹی سرکاری محکموں کی کارکردگی، انتظامی امور، اور سیلاب کے دوران وفاق اور پنجاب کے درمیان کوآرڈینیشن کے معاملات پر بھی غور کرے گی۔
مزید برآں، کمیٹی مستقبل میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے عملی تدابیر تجویز کرے گی اور قبل از وقت وارننگ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات پیش کرے گی۔ کمیٹی کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ اپنی کارروائی کے دوران کسی بھی شعبہ کے ماہرین کو اجلاس میں طلب کر سکے۔
پنجاب اسمبلی حکام کے مطابق یہ کمیٹی صوبے میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے مکمل تخمینے اور مستقبل میں ایسے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرے گی۔