ممبئی: بالی وڈ کی مشہور جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے مداحوں کے ساتھ اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوشخبری شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد والدین بننے والے ہیں۔
بھارتی میڈیا میں کئی ماہ سے کترینہ کیف کے حاملہ ہونے کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کترینہ اور وکی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش اکتوبر یا نومبر میں متوقع ہے۔ تاہم اب دونوں نے باقاعدہ طور پر اس بات کی تصدیق کردی ہے۔
کترینہ کی انسٹاگرام پوسٹ
کترینہ کیف نے انسٹاگرام پر شوہر وکی کوشل کے ساتھ اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ان کی زندگی کے بہترین دور کا آغاز ہے۔ اس اعلان کے بعد مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔
قیاس آرائیوں کا سلسلہ
واضح رہے کہ کترینہ کیف کے حاملہ ہونے کے حوالے سے کئی ماہ سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ اس دوران کترینہ فلمی پروجیکٹس اور عوامی تقریبات سے دور رہیں جس سے یہ چہ مگوئیاں مزید بڑھ گئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے دعوے
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف بچے کی پیدائش کے بعد کام سے طویل وقفہ لینے کا ارادہ رکھتی ہیں تاکہ اپنی توجہ مکمل طور پر فیملی پر مرکوز کر سکیں۔
شادی اور تعلقات
کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021 کو راجستھان میں ایک شاہانہ تقریب کے دوران شادی کی تھی، جس میں قریبی رشتہ داروں اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔ شادی کے بعد سے یہ جوڑی بالی وڈ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے۔
مداح اب بے صبری سے اس خوشخبری کے عملی آغاز اور کترینہ و وکی کے ننھے مہمان کے استقبال کے منتظر ہیں۔