لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی رہنما قمر الزمان کائرہ کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب حکومت کے خلاف پریس کانفرنسز کی ریس لگائی ہوئی ہے اور پھر بھی یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سیلاب متاثرین پر سیاست نہیں کی جا رہی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ “کاش آپ پنجاب میں رہ کر پنجاب کی بیٹی پر تنقید کرنے سے پہلے اپنا ماضی دیکھ لیتے۔ جس جماعت کی لیڈر ایک خاتون تھی، آج پوری جماعت ایک خاتون لیڈر کے خلاف پریس کانفرنسز کر رہی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پہلے دن سے سیلاب متاثرین کے درمیان ہیں۔ “آپ جیسے میچور سیاستدان کی جانب سے سیلاب متاثرین پر سیاست کرنا افسوسناک ہے۔ اگر آپ ذاتی حملے کریں گے تو جواب بھی اسی نوعیت کا ملے گا۔”
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 10،10 ہزار روپے دے رہی ہے جبکہ مریم نواز پنجاب کے سیلاب متاثرین کو 10،10 لاکھ روپے فراہم کر رہی ہیں، جو ان کی اصل ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا خزانہ اور وسائل پنجاب کے عوام کی ملکیت ہیں اور ان پر خرچ کرنے کے لیے ہمیں کسی کے مشورے کی ضرورت نہیں ہے۔ “پنجاب حکومت نے اپنے فنڈز سے 20 ہزار کلو میٹر طویل سڑکیں تعمیر کی ہیں جبکہ مریم نواز کے 90 سے زائد منصوبے بھی پنجاب کے اپنے فنڈز سے مکمل ہو رہے ہیں، جن میں وفاق کا ایک پیسہ بھی شامل نہیں۔”
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب کے منصوبوں پر تنقید کے بجائے خوشی ہونی چاہیے۔ “اس طرح کی بیان بازی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور نہ ہی پیپلز پارٹی اس طریقے سے اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکتی ہے۔”