چمن: پاک افغان سرحد پر دوستی گیٹ سے متعلق افغان طالبان کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے اپنی طرف واقع دوستی گیٹ کو خود نقصان پہنچایا اور سوشل میڈیا پر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ پاکستانی فورسز نے گیٹ کو تباہ کیا ہے۔
تاہم چمن میں دوستی گیٹ کی ویڈیو فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی جانب گیٹ مکمل طور پر محفوظ اور صحیح حالت میں موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور خوارج گزشتہ رات سے جاری فوجی کارروائیوں میں اپنے 100 سے زائد کارندوں کی ہلاکت کے بعد حواس باختہ ہیں۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ افغان طالبان جھوٹے سوشل میڈیا پروپیگنڈا کے ذریعے اپنی شکست اور بھاری نقصان کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق طالبان بھارتی میڈیا کی طرز پر گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں تاکہ زمینی حقائق مسخ کیے جا سکیں۔
واضح رہے کہ پاک فوج نے افغان طالبان کی جارحیت کے جواب میں جوابی کارروائی (Precision Strikes) کی تھی، جس میں افغان صوبہ قندھار میں طالبان کے اہم ٹھکانے کامیابی سے نشانہ بنائے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں میں طالبان کی بٹالین نمبر 4 اور بارڈر بریگیڈ نمبر 6 مکمل طور پر تباہ ہوئیں، جبکہ درجنوں خارجی اور افغان جنگجو ہلاک ہوئے۔
ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔