لندن: برطانوی اخبار دی گارڈین نے اپنی تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سنبھالنے والے واحد رہنما پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے متعدد عالمی رہنماؤں کو غیر معمولی رویے اور طنزیہ تبصروں سے زچ کیا، تاہم شہباز شریف نے غیر معمولی بردباری اور سفارتی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو بخوبی سنبھال لیا۔
اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے تقریب میں اطالوی وزیراعظم جورجیا میلونی کے حسن کی تعریف کی، برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کو اسٹیج پر بلا کر شرمندہ کیا، جبکہ ہنگری کے صدر وکٹر اوربان کے بارے میں کہا کہ “انہیں بہت سے لوگ پسند نہیں کرتے مگر میں انہیں پسند کرتا ہوں۔”
دی گارڈین نے لکھا کہ ٹرمپ اس تقریب میں دو گھنٹے تاخیر سے پہنچے۔ انہوں نے پہلے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ منصور بن زائد سے ملاقات کی اور ان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ “ان کے پاس بہت سا کیش ہے۔”
رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم نے شکایت کی کہ ٹرمپ نے انہیں “صدر” کہا، جس پر ٹرمپ نے طنزیہ انداز میں کہا:
“شکر کرو میں نے تمہیں کینیڈا کا گورنر نہیں کہا۔”
اخبار کے مطابق اس تمام صورتحال کے دوران واحد رہنما جنہوں نے ٹرمپ کے غیر متوقع رویے کو پُرامن اور مؤثر انداز میں سنبھالا، وہ وزیراعظم شہباز شریف تھے۔
رپورٹ کے مطابق جب صدر ٹرمپ نے دورانِ تقریب اسٹیج کی طرف دوبارہ آنے کی کوشش کی تو شہباز شریف نے مہارت سے انہیں روک دیا اور اپنی تقریر کا سلسلہ جاری رکھا۔
دی گارڈین نے لکھا کہ شہباز شریف نے ٹرمپ کی بہت زیادہ تعریف کی اور ان کی خود پسندی کو مثبت انداز میں ایڈریس کرتے ہوئے ماحول کو سازگار بنایا۔
اخبار نے آخر میں کہا کہ
“واحد رہنما جنہیں معلوم تھا کہ صدر ٹرمپ کو کیسے سنبھالنا ہے، وہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف تھے۔”