ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہےکہ امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کرکے بڑی ریڈلائن کراس کی ہے، جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور جواب دیں گے، ہمارے جواب کا انتظار کریں۔
استنبول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اپنی جارحیت کے نتائج کا ذمہ دار ہے، اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق ایران جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے، تہران اپنی سلامتی، مفادات اور لوگوں کے دفاع کے لیے تمام اختیارات محفوظ رکھتا ہے، ایرانی مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ روس ایران کا دوست ہے، آج ہی وہ صدرپوٹن سےملاقات کے لیے روس جا رہے ہیں، وہ کل صدر پوٹن کے ساتھ سنجیدہ مشاورت کریں گے، ایران چین کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد پیش کرنےکی تیاری کر رہا تھا، اب صورت حال بدل چکی ہے اور ہمیں دیکھنا ہے کہ آگے کیسے بڑھا جائے۔