میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں تیز بارش سے نمٹنے کو چیلنج قرار دے دیا۔
ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سمندر میں پانی کی سطح بلند ہونے سے کریک کا پانی نہرِ خیام میں جا رہا ہے اور شہر میں تیز بارش کی صورت میں پانی کے بہاؤ سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
بعد ازاں کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایشو اختیارات اور وسائل کا نہیں ، کام کرنے کی نیت کا تھا، نالوں کی صفائی کی وجہ سے نکاسی کا کام کرپائے تھے، اب نالوں کی صفائی اطمینان بخش ہے، اورنگی، گجر اور محمود آباد نالوں پر صفائی کا کام کرلیاگیا ہے، دیگر چھوٹے نالوں پر آج بھی مشینری تعینات ہے، انڈر پاسز کے اندر نکاسی کے لیے پمپس لگائے ہوئے ہیں، شہر کے نشیبی علاقوں میں مشینوں کے ساتھ عملہ بھی تعینات کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں سے درخواست کرتاہوں کہ نالوں کی گنجائش 40 ملی میٹرہے ، اس سے زیادہ بارش کا اثر ضرور پڑتا ہے، بارش کی صورت میں لوگ پینک کرتے ہیں اور دفاتر سے جلدی نکلتے ہیں جس وجہ سے ریلیف کاموں میں مشکلات ہوتی ہیں، مختلف شاہراہوں پر کیمپس لگائے ہیں ،جہاں پانی اور بسکٹ رکھا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لوگوں سے گزارش کرتاہوں کہ بارش کی صورت میں فوری طور پر نہ نکلیں، بارش کے بعد علاقوں کو کلیئرکرنے کے لیے 2 گھنٹے درکار ہوتے ہیں، لوگوں سے گزارش ہے، بارش کی صورت میں جہاں ہوں ، وہیں رہیں، اگر بارش کے بعد پانی کہیں جمع ہوتا ہے تو عملہ دو سے ڈھائی گھنٹے میں پانی کلیئر کردے گا۔
کراچی میں کل شدید موسلا دھار بارش کی پیشگوئی
دوسری جانب ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کا بتانا ہےکہ مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی شدت کے ساتھ برقرار ہے، ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان بننے سے پہلے کی ایک اسٹیج ہے، بارش کا سسٹم زمین پر موجود ہے اور اس کا مرکز تھرپارکر میں ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اتنی شدت کے سسٹم میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، مون سون کا یہ سسٹم شدید موسلادھار بارش کا سبب بنتا ہے اور آج سہ پہر میں کراچی میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کل یہ سسٹم کراچی کے قریب سے گزرے گا اور کل شہر کی صورتحال خراب رہ سکتی ہے، شہر میں کل شدید موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، کراچی میں انفرااسٹرکچر خراب ہونے کے باعث سڑکوں پر اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا کہ پورے اسپیل کے دوران کراچی میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے لہٰذا شہری کچے انفرااسٹرکچر سے دور رہیں،تیزبارش کی صورت میں گھروں میں رہیں۔