اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے پاکستان کا عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان کو ایک بار پھر سیلاب کی ہولناک صورتحال کا سامنا ہے۔
انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کشمیر اور فلسطین جیسے غیرحل طلب تنازعات سے عالمی امن کو شدید خطرات ہیں، پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا امن، استحکام اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، پائیدار علاقائی امن اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، پارلیمانی سفارتکاری مذاکرات باہمی احترام اور رابطوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، پارلیمانی لیڈرز کے درمیان رابطوں اور تبادلوں کا فروغ وقت کا تقاضا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا عالمی اقتصادی نظام میں بنیادی اصلاحات لانے کی ضرورت ہے، پاکستان کا عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہے لیکن پاکستان کو ایک بار پھر سیلاب کی ہولناک صورتحال کا سامنا ہے، سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا اس وقت ہمیں موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، ماحولیاتی انصاف کے لیے سب کو مل کر آواز اٹھانا ہو گی۔