لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہےکہ اسرائیل کے خلاف جنگ جیتنے پر ایرانی بھائیوں کو گلے لگا کر مبارک باد دیتے ہیں۔
لاہور میں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایران کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، توانائی اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات کو بلندیوں کے نئے افق تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایران کے صدر کی پاکستان آمد پر لاہور میں خیرمقدم کرنا خوشگوار تجربہ تھا، ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتری کی اعلیٰ ترین سطح تک لےکر جانا چاہتے ہیں، جنگ کے دوران ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ایران کے ساتھ تھیں، اسرائیل کے خلاف جنگ جیتنے پر ایرانی بھائیوں کو گلے لگا کر مبارک باد دیتے ہیں، ایران کے رہبر اعلیٰ کی شخصیت متاثر کن ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہتری آرہی ہے، بد قسمتی سے سابقہ دور میں ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے، اب اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کے دورے نے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دیا ہے، ایرانی عوام اور حکومت کی ہمدردی و یکجہتی دیرینہ رشتے کی عکاس ہے، پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیےکام کر رہےہیں، سیلاب کی وجہ سے بہت نقصان ہوا، بروقت اقدامات کی وجہ سے ہزاروں جانوں کو بچانے میں کامیاب ہوئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایران نے بہادری سے جنگ لڑی، نواز شریف ہمیں ایران کے لیےدعا کرنے کا کہتے رہے، تعلیم حاصل کرنےکے دوران خصوصی طور پر فارسی کا سبجیکٹ پڑھا تھا۔
ایرانی سفیرکا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے باہمی تعلقات متاثرکن ہیں، ایرانی حکومت اور عوام بھرپور حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات دن بدن مضبوط ہو رہےہیں۔
ایرانی سفیرکا مزید کہنا تھا کہ 9 نومبرکو ایران میں اقبال ڈے منایا جائےگا، ایران کے میوزیکل بینڈ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے، ہماری درخواست ہےکہ فارسی زبان کو پنجاب کی جامعات میں مزید فروغ دیا جائے۔